ایسا کام کرنا چاہتی ہوں جسے لوگ ہمیشہ یاد رکھیں، سجل علی
لاہور: اداکارہ وماڈل سجل علی نے کہا ہے کہ ایسا کام کرنا چاہتی ہوں جس کولوگ ہمیشہ یاد رکھیں۔
سجل علی نے ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب میں نے شوبز کی چمکتی دمکتی دنیا میں قدم رکھا توبس ایک ہی بات میں میرے زہن میں تھی کہ اپنا کام نہایت ایمانداری سے کرنا ہے۔ میں نے اسی بات کے ساتھ فنی سفرشروع کیا اورآج بھی یہ سلسلہ جاری ہے۔ میں اپنے کام کومحنت ، لگن کے ساتھ انجام دیتی ہوں، باقی اس کا نتیجہ جوبھی وہ مجھے قبول ہوتا ہے۔ اداکارہ نے کہا کہ یہ اللہ کی خاص کرم نوازی ہے کہ اب تک جوبھی کام ناظرین نے دیکھا ہے اس کوبہت پسند کیا ہے اوریہی میرے لیے سب سے بڑا ایوارڈ اورکامیابی ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ کامیابی توہراُس شخص کوملتی ہے جو محنت، لگن سے کام کرتا ہے مگراس کامیابی کے بعدنئی راہیں تلاش کرنا اصل ٹارگٹ ہونا چاہیے۔ جو لوگ ایسا کرتے ہیں ان کوروکنا یا ان کے لیے رکاوٹیں کھڑا کرنا کسی کے بس کی بات نہیں ۔ ایسے لوگ کم ہوتے ہیں لیکن زندگی کے جن شعبوں میں کامیاب لوگ ملتے ہیںِ ، ان کی داستان ایسے واقعات سے بھری ہوتی ہیں۔ سجل علی نے کہا کہ میں یہ تونہیں کہتی کہ میں نے اپنے اس فنی سفر کے دوران کچھ ایسا باکمال کام کردکھایا ہے جس کواب لوگ ساری زندگی نہیں بھلا پائیں گے۔ مگر ایک جستجوہے کہ ایسا کام کروں، جس کولوگ ہمیشہ یاد رکھیں۔ اس دھن میں اپنے ہرکردار، ہرکام کوبڑی محنت کے ساتھ سجاتی اوراس میں حقیقت کے رنگ بھرنے کی کوشش کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جدوجہد جاری تھی اورمجھے یہ یقین تھا کہ ایک نہ ایک دن مجھے کوئی ایسی کامیابی ملے گی جس کوپانے کی آس میں لوگ دنیا سے چلے جاتے ہیں مگروہ اس تک نہیں پہنچ پاتے۔