اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے برطانیہ سے کہا ہے کہ ان کے شہری الطاف حسین پاکستانی سیکیورٹی فورسز کو بدنام کر رہے ہیں اس لئے برطانوی حکومت انھیں بیان بازی سے روکنے کے لیے قانونی راستے استعمال کرے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران چوہدری نثار نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے اور ان حالات میں جب آپریشن ضربِ عضب میں فوج کو کامیابیاں مل رہی ہیں، برطانوی شہری الطاف حسین کی فوج کے خلاف الزام تراشی سے دہشت گردی کے خلاف جنگ متاثر ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کے خلاف اب مقدمہ بھی درج ہوچکا ہے، اس لئے برطانوی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ الطاف حسین کو بیان بازی سے روکے۔
برطانوی نشریاتی ادارے نے کہا ہے کہ رینجرز حکام نے وزارت داخلہ کو خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر چھاپے کے بعد الطاف حسین نے نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں فوج کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہے، وزارت داخلہ اس سلسلے میں برطانوی حکومت سے بات کرے۔
واضح رہے کہ سندھ رینجرز کے ترجمان کرنل طاہر نے گزشتہ روز الطاف حسین کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ایم کیو ایم کے قائد نے رینجرز اہلکاروں کو دھمکی دی ہے۔