سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فرانس کی نجی چارٹر کمپنی کو پاکستان کے لئے خصوصی پرواز آپریٹ کرنے کی اجازت دے دی ہے، اس حوالے سے سی اے اے کے ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ نے باضابطہ طور پر اجازت نامہ جاری کردیا ہے۔ اجازت نامہ کے تحت ہائی فلائی نامی فرانسیسی چارٹر کمپنی کی خصوصی چارٹر پرواز 23جولائی کو 200 سے زائد مسافروں کو لے کر اسلام آباد سے پیرس روانہ ہوگی، جب کہ 22 جولائی کو 250 مسافروں کو لے کر اسلام آباد پہنچے گی، خصوصی چارٹر پرواز کے ذریعے مبینہ طور پر پی آئی اے کے مسافروں کو یورپ کے ممالک کیلئے سفر کی سہولت فراہم کی جائےگی، بیرونِ ملک پھنسے پاکستانیوں سے واپسی کا کرایہ 8 سو یورو وصول کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چارٹر پرواز کا انتظام پی آئی اے کے فرانس میں جنرل سیلز ایجنٹ نے کیا ہے، جب کہ سیلز ایجنٹ کی جانب سے جاری اشتہار میں بھی پی آئی اے کا نام دیا گیا ہے، اور سیلز ایجنٹ کی جانب سے فلائٹ آپریٹ کے لئے پی آئی اے کے نام کے مبینہ استعمال سے ائر لائن انتظامیہ آگاہ ہے، اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل سیلز ایجنٹ پی آئی اے کی جانب سے چارٹر فلائٹ آپریٹ کرنے سے آگاہ ہیں۔