تحریر و تحقیق: سبطین عباس ساقی
قارئین کرام جہاں ایک طرف مہنگائی اور تبدیلی سے ستائی عوام حکومت سے مایوس دکھائی دے رہی ہے وہیں پر اگر پاکستان تحریک انصاف کے وزرا اور حمایتی بھی حوصلہ ہارتے نظر آتے ہیں۔2020 کہ جسے پاکستان کی ترقی کا اہم ترین سال کہا جاتا رہا اب آٹا عوام کی پہنچ سے کوسوں دور ہوچکا ہے۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آسمان کو چھوتی نظر آ رہی ہیں۔ٹرانسپریسی لسٹ میں پاکستان کا نام 120 ویں نمبر پر جا پہنچا ہے۔بات ابھی تھمی نہیں بلکہ میرے کپتان نے تو کہہ دیا ہے کہ سکون صرف قبر میں ہے۔جہاں ایک طرف انہوں نے عوام سے مخاطب ہوکر یہ الفاظ کہے اور عوامی حلقوں نے حیرانی کا اظہار بھی کیا۔لیکن میری سوچ کے مطابق یہ الفاظ عوام سے زیادہ انہوں نے اپنے لیے کہے ہیں کیونکہ اب یہی معلوم ہورہا ہے کہ تبدیلی سرکار کو سکوں قبر میں ہی میسر ہوگا ایک طرف مہںگائی کا جن بے قابو ہو چکا ہے دوسری جانب صوبوں میں حمایتیوں کی برہمی نے اضطراب کی صورت پیدا کر دی ہے۔ٹک ٹاک سٹارز کے ساتھ مختلف شخصیات کی ویڈیوز نے بھی عوام کو سرپرائز کردیا ہے۔میں جانتا ہوں کہ پاکستان کے عوام اس وقت اپنے آپ کو بے بس تصور کررہے ہیں مگر یہی نہیں ان سے کئی گنا زیادہ تبدیلی سرکار خود سے حیران ہوچکی ہے۔اب حکومت بے چارگی کی حالت میں گھر چکی ہے۔قارئین معذرت کہ مجھے یہ الفاظ ادا کرنا پڑ رہے ہیں کہ اب عوام کو چاہیے کہ وہ حکومت پر ترس کرے۔بے روزگاری کا حل جی ہاں وہی ایک کروڑ نوکریاں کون بھلا سکتا ہے بھلا۔مگر میرے کپتان نے اس کی جگہ لنگر خانے کھول کر عوام کو حیران کردیا ہے اپنی ڈگریاں ہاتھوں میں لے کر چپکے سے لنگر خانوں کا رخ کیجیے جس کی تعلیم زیادہ ہوگی میرے خیال میں اسے شوربہ زیادہ ملے گا۔بہر حال اب اس خستہ حالت میں بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں۔اس مضطرب صورتحال کو ختم کرنے کے لیے میرے کپتان بڑی تبدیلیاں کرسکتے ہیں۔کپتان عوام کو مایوس کرنا نہیں چاہتے مگر اب حکومت خود آزمائشوں کا شکار ہے۔توقع ہے کہ حالات سنھبالنے کے لیے کپتان بہت جلد تبدیلیاں کریں گے۔مگر یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ وہ تبدیلیاں عوام کے لیے مفید ثابت ہونگی یا نقصان دہ۔کسانوں کے لیے ٹڈی دل ایک بڑی آزمائش ہیں جو مختلف علاقوں میں فصلوں کو چٹ کر کے عوام کی امیدوں پر پانی پھیر چکی ہیں۔قارئین کرام دعا کریں کہ حکومت پاکستان کو بہت جلد آزمائشوں سے چھٹکارا حاصل ہو تاکہ ہم سب اپنے مسائل کے حل(مسائل کے حل نظر تو نہیں آرہے)جانچ سکیں