صنعا: (یس نیوز ویب ڈیسک)یمن کے صوبے شبوا میں امریکی فضائی حملے میں القاعدہ کے 13 ارکان مارے گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن کے صوبے شبوا میں امریکی فضائی کارروائی کے نتیجے میں القاعدہ کے 13 ارکان ہلاک ہوگئے، امریکی حکام کا کہنا ہے کہ فضائی کارووائیاں 24 اگست سے لے کر 4 ستمبر کے درمیان صوبے شبوا کے علاقوں میں کی گئیں تھے تاہم ان کارروائیوں میں مارے جانے والے القاعدہ ارکان کی شناخت نہیں بتائی گئی۔
امریکی حکام کے مطابق یمن میں جاری القاعدہ کے خلاف کارروائیوں کے باعث دہشت گرد دباؤ میں ہیں جب کہ اس قسم کی کارروائیاں دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو امریکی شہریوں پر حملے سے باز رکھیں گی۔
واضح رہے کہ یمن کی حکومت اور اس کے مخالفین کے درمیان خانہ جنگی کے بعد سے القاعدہ اور شدت پسند تنظیم داعش نے یمن کے بیشتر علاقوں پر کنٹرول حاصل کرلیا جب کہ خانہ جنگی کے نتیجے میں ہزاروں افراد ہلاک اور لاکھوں محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہو چکے ہیں۔