جنگی جنون میں مبتلا بھارتی فورسز کی لائن آف کنٹرول کے ساتھ آزاد کشمیر کی آبادیوں پر گولہ باری کے نتیجے میں 10شہری شہید جبکہ بچوں سمیت متعدد زخمی ہوگئے، مسافر گاڑی اور ایمبولینس کو بھی نشانہ بنایا گیا، پاک فوج مختلف سیکٹرز میں فائرنگ کا بھرپور جواب دے رہی ہے۔
بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر اشتعال انگیزی کرتے ہوئے سویلین آبادی پرشدید فائرنگ وگولہ باری کی اور وادی نیلم کےقریب شہریوں کی بس کوبھی نشانہ بناڈالا، جس سے10 شہری شہید اور سات زخمی ہوگئے ،شہدا اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے والی ایمبولینس پر بھی فائرنگ کی۔
بھارتی فوج نے شاہ کوٹ، جورا، بٹل، کیریلہ، باغ، تتہ پانی اور باگسر سیکٹرز میں جارحیت کی ہے۔ آئی ایس پی آر کےمطابق بھارتی فوج نے شہریوں کی بس کو ڈھنڈیال کے نزدیک نشانہ بنایاا وربعد میں شہداء اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے والی ایمبولینس پر بھی فائرنگ کی، پاک فوج کی طرف سے بھارت کی اشتعال انگیزی کامنہ توڑ جواب بھارتی چوکیوں کونشانہ بنایا۔
ذرائع کے مطابق بھارتی فوج کی کئی چوکیاں تباہ، بھاری جانی نقصان کی اطلاعات بھی ملی ہیں۔ بھارت حالیہ چند ماہ کےدوران 230 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرچکا ہے، ورکنگ باؤنڈری پر38 بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی۔ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں 41شہری شہید اور 127 زخمی ہو چکے ہیں۔