پیرس: فرانسیسی پولیس نے سیاستدانوں اور مساجد پر حملے کی منصوبہ بندی کے الزام میں 10 مشبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس کے مختلف علاقوں میں پولیس نے چھاپا مار کارروائیاں کرتے ہوئے دائیں بازو کی شدت پسند تنظیم (رائٹ موومنٹ) سے تعلق کے شبہ میں 10مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔ زیر حراست ملزمان میں ایک خاتون اور کم عمر نوجوان بھی شامل ہیں جنہیں پیرس کے نواحی علاقے سینی سینٹ ڈینس اور جنوب میں واقع بندر گاہ مارسیلی کے قریب سے خفیہ اطلاع پر کارروائی کر کے پکڑا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ افراد فرانس کے اہم سیاستدانوں ،غیر ملکی باشندوں اور مساجد پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے جب کہ فرانسیسی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اہم سیاستدان بھی ملزمان کی ہٹ لسٹ پر تھے۔ اس کے علاوہ ملزمان مسلمانوں کی عبادت گاہوں، بھارتی ریسٹورنٹس اور پرہجوم مقامات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ گرفتاری کے بعد ملزمان کو نامعلوم مقام پر منتقل کر کے تفتیش کی جا رہی ہے اور ملزمان کا ڈیٹا حاصل کر کے ان کے مزید ساتھیوں کا سراغ لگایا جا رہا ہے۔