پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کل قومی اسمبلی میں سو سالہ پرانا قانون دفن ہوگیا، فاٹا کو خیبر پختونخواہ میں ضم کرنا ہماری جماعت کا درینہ خواب تھا۔
ملتان ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فاٹا کے ضم ہونے سے وفاق مزید مضبوط ہوگا، ابھی ہم حکومت میں نہیں آئے اور ہماری کارکردگی عوام کے سامنے آنے لگی ہے ، اب فاٹا کے لوگوں کو خیبر پختونخواہ اسمبلی میں نمائندگی ملے گی ۔
انہوں نے کہا کہ فاٹا کو ضم کرنے کی آئینی ترمیم پر مولانا فضل الرحمان اور محمود خان اچکزئی کے علاوہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں نے ہمارا ساتھ دیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فاٹا والو ں کو بھی اب سپریم کورٹ اور پشاور ہائی کورٹ سے انصاف ملے گا، فاٹا میں تعلیم اور صحت کے منصوبے شروع ہوں گے، کل 228 ووٹ درکار تھے تمام سیاسی جماعتوں کا شکریہ جنہوں نے اتفاق رائے سے ووٹ دیا ۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے بغیر یہ آئینی ترمیم ہونا ممکن نہ تھا، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہماری جماعت کے منشور میں جنوبی پنجاب کا الگ صوبہ بھی شامل ہے ، اس لئے ہم نے متحدہ جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کو اپنا حصہ بنایا ۔
پاکستان مسلم لیگ نواز اور پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمشیہ جنوبی پنجاب صوبہ بنانے میں رخنہ ڈالا ہے ، کل بہاولپور کی قد آور شخصیت نواب صلاح الدین عباسی بھی اپنی پارٹی سمیت پاکستان تحریک انصاف میں ضم ہو گئے ہیں ، بہاولپور والوں نے بھی ہمارا ایجنڈہ اور منشور قبول کر لیا ہے ، اب جنوبی پنجاب صوبہ بنتا نظر آ رہا ہے ۔