بلوچستان کے ضلع حب میں حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں سے جاں بحق افراد کی تعداد11 ہوگئی جبکہ 3 لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے، مشرقی بلوچستان میں بارشوں کے بعد صوتحال معمول پر آنا شروع ہوگئی ہے جبکہ گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
بلوچستان کے مختلف شہروں میں حالیہ بارشوں کے بعد رابطہ سڑکوں کی بحالی کا کام جاری ہے، حب میں بارشوں اور سیلابی ریلوں میں ڈوبے ایک اور شخص کی لاش ملی ہے،اب تک ڈوبنے والے
11 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ ایف سی بلوچستان 3 لاپتا افراد کی تلاش کررہی ہے۔ مشرقی بلوچستان میں بارشوں کے بعد ندی نالوں میں سیلابی صورتحال بتدریج ختم ہورہی ہے اوررابطہ سڑکوں کی بحالی کےلیے پی ڈی ایم اے نقصانات کا سروے کررہی ہے۔
سندھ اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں گرمی کا راج برقرار ہے، سوات میں گزشتہ روز بارش کے بعد آج بھی کہیں کہیں موسم ابرآلود ہے، گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوارہوگیا ہےْ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ گوجرانوالا، مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، میرپور خاص ڈویژن، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواوٗں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔