counter easy hit

کراچی :سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے 11 سالہ بچہ جاں بحق

11-year-old

11-year-old

بچے نے چہرے پر ماسک لگا رکھا تھا ، سکیورٹٰی گارڈ نے خوفزدہ ہو کر فائرنگ کر دی ، گرفتار کر کے حوالات بند کر دیا گیا
کراچی (یس اُردو) کراچی میں گیارہ سالہ بچے کی شرارت موت کا پیغام بن گئی ، حواس باختہ سیکورٹی گارڈ کی فائرنگ نے ایک ماں کی گود اجاڑ دی ، سیکورٹی گارڈ کو گرفتار کرکے لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی ۔ سونا سونا آنگن ، دبی دبی سسکیاں ، علی حسن کی معصوم شرارت موت کا پیغام بن گئی ۔ آنسو ہیں کہ تھمنے کا نام نہیں لیتے ۔ دلخراش واقعہ بہادر آباد میں پیش آیا جہاں 11 سالہ علی حسن کا چہرے پر ڈراؤنا ماسک لگانا موت کا پیغام بن گیا ۔ علاقے میں موجود سیکورٹی گارڈ نے حواس باختہ ہو کر فائرنگ کردی ۔ معصوم علی حسن نے تڑپ تڑپ کر جان دے دی ۔ اطلاع ملنے پر گھر والے پہنچے تو علی حسن سڑک پر مردہ پڑا تھا ۔ غم سے نڈھال والدہ کا کہنا ہے کہ علی حسن اپنی پھپھو کے گھر سے واپس آرہا تھا ۔ علی حسن کی لاش کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں 3 گھنٹے تاخیر سے پوسٹ مارٹم مکمل ہوا ۔ قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی ہے ۔ ماں کی گود اجاڑنے والے ملزم سیکورٹی گارڈ غلام نبی کو حراست میں تو لے لیا گیا ہے لیکن غیر تربیت یافتہ شخص کو گارڈ کی نوکری کیسے ملی یہ ایک سوالیہ نشان ہے