اسلام آباد(اصغر علی مبارک) کراچی گالف کلب کے قیام کے ایک سو تیس سال مکمل ہونے پر پاک بحریہ کی زیر سرپرستی ایک سو گیارہویں پرچرڈ کپ گالف ٹورنامینٹ کا انعقاد ہوا۔ پاک بحریہ سے تعلق رکھنے والے کیپٹن عنصر گراس کیٹیگری میں فاتح رہے اور کلب چیمپئن قرار پائے۔ امیچرز، سینئرز ، لیڈیز اور جوئنیر کیٹیگریز کے لیے اٹھارہ جبکہ ویٹرنز کے لیے نو ہولز کے مقابلہ جات 3 اور4 مارچ کو منعقد ہوئے۔پرچرڈ کپ 1888سے منعقد ہو رہا ہے اور یہ اس سیریز کا ایک سو گیارہواں مقابلہ تھا۔
امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی تھے۔ چیف آف دی نیول اسٹاف کی ٓمد پر کمانڈر کراچی رئیر ایڈمرل اطہر مختار نے ان کا خیر مقدم کیا۔
چیف ا ٓف دی نیول اسٹاف نے اس موقع پر اپنے خطاب میںپاک بحریہ اور کراچی گالف کلب کے اسٹاف کی انتھک کوششوں کو سراہا اور کلب کی ایک سو تیسویں سالگرہ کے موقع پر انکو مبارکباد پیش کی۔ایڈمرل نے جیتنے والے گالفرز کو مبارکباد بھی دی۔ بعد ازاں چیف آف دی نیول اسٹاف نے پرچرڈ کپ کی مختلف کیٹیگریز میں کامیابی حاصل کرنے والے گالفرز میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کیے۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے گالف کے کھیل کے فروغ میں تعاون کرنے پر سپانسرز کا بھی خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے کوششیں جاری رکھے گی۔
کراچی گالف کلب کا آغاز 1888میں سندھ کلب سے ملحقہ کلب کے طور پر ہوا اور 1959 میں اسے موجودہ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ اس کی منفرد خصوصیات کی بنا پر اسے دنیا کے سو بہترین گالف کلبز میں شمار کیاجاتا ہے۔خوش نما سبزے میں گھرا ہوا یہ گالف کورس اور اس سے ملحقہ سہولیات 217ایکڑ پر مشتمل ہیں ۔چیف ٓف دی نیول اسٹاف کلب کے سرپرست اعلیٰ، کمانڈر کراچی صدر جبکہ نائب صدر کا انتخاب ہر سال کیا جاتا ہے۔ تقریب میںملک کے ممتاز گالفرز، کراچی گالف کلب کے ممبران سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔