انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والے ایمبا گوٹو 31 دسمبر 1870ء میں پیدا ہوئے تھے۔ سرکاری حکام نے ان کے پیدائشی دستاویزات کے اصلی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
جکارتہ: دنیا کے سب سے معمر ترین شخص کا تعلق انڈونیشیا کے ایک چھوٹے سے گاؤں سے ہے۔ گزشتہ دنوں انہوں نے 31 دسمبر کو اپنی 146ویں سالگرہ منائی۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق ایمبا گوٹو نامی یہ معمر ترین شخص 31 دسمبر 1870ء کو پیدا ہوا تھا۔ اپنے بہن بھائیوں، بیویوں اور بچوں سے بھی طویل عمر پانے والے ایمبا نے اپنے پڑپوتے اور اس کی اہلیہ کے ساتھ اپنی 146ویں سالگرہ منائی۔ اس موقع پر اس کے خاندان کے دیگر افراد اور ہمسایوں نے بھی اسے سالگرہ پر مبارکباد دی۔ رپورٹس ہیں کہ ایمبا گوٹو نے سالگرہ کے کیک پر جلائی گئی موم بتیوں کو صرف ایک پھونک مار کر بھجایا۔گزشتہ سال اگست میں مقامی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ایمبا گوٹو نے اعتراف کیا کہ وہ موت کا شدت سے خواہش مند ہے۔ جب گوٹو سے اس کی طویل عمری کے بارے میں پوچھا گیا تو اس نے ”صبر“ کو اپنا سب سے بڑا راز قرار دیا۔ انڈونیشیا کے سرکاری حکام نے ایمبا گوٹو کی پیدائشی دستاویزات کی تصدیق کی ہے۔ دنیا کے معمر ترین شخص نے کہا کہ وہ 1992ء سے موت کا متمنی ہے، اپنی آخری آرامگاہ کیلئے اس نے کتبہ بھی تیار کر وا رکاھ ہے تاہم 24 سال گزرنے کے باوجود وہ ابھی تک زندہ ہے۔