ورجینیا: امریکی ریاست ورجینیا کی فیئرفیکس کاؤنٹی میں اسٹرلنگ کے مقام سے اتوار کے روز اغوا ہونے والی 17 سالہ مسلمان لڑکی نبرہ حسنین کی لاش مقامی پولیس نے ایک تالاب سے برآمد کرلی ہے جبکہ اس قتل کے الزام میں ایک 22 سالہ شخص کو گرفتار بھی کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نبرہ حسنین اتوار کے روز اپنی چند سہیلیوں کے ہمراہ سحری کرکے گھر واپس جارہی تھی کہ اسٹرلنگ میں ڈرینس ویل روڈ کے علاقے میں ان کے پاس سے گزرنے والی ایک کار کے ڈرائیور نے ان لڑکیوں کےلیے نازیبا کلمات استعمال کیے۔ نبرہ کی ایک سہیلی نے فیس بک پر اپنی اسٹیٹس اپ ڈیٹ میں لکھا کہ وہ شخص بظاہر نشے میں لگ رہا تھا اور اونچی آواز میں انہیں گالیاں دے رہا تھا۔ جب وہ کار سے اترا تو اس کے ہاتھ میں ایک بیٹ تھا جسے دیکھ کر ساری لڑکیاں خوفزدہ ہوگئیں اور جان بچانے کےلیے قریب ہی موجود ’’آل ڈیلس مسلم سوسائٹی‘‘ (ایڈمز) کی مسجد میں داخل ہوگئیں۔ اسی بھاگ دوڑ کے دوران وہ کار سوار وہاں سے چلا گیا لیکن نبرہ بھی غائب ہوگئی۔
سرِدست نبرہ حسنین کی لاش کا پوسٹ مارٹم جاری ہے اور پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کی حتمی رپورٹ آنے کے بعد ہی اس کی موت کی درست وجہ بتائی جاسکے گی۔ اگرچہ اسٹرلنگ کے علاقے میں رہنے والے مسلمانوں کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ٹرمپ دورِ حکومت میں مسلمانوں کے خلاف بڑھتی ہوئی مذہبی نفرت کا نتیجہ ہوسکتا ہے لیکن فیئرفیکس کاؤنٹی پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ فی الحال انہیں اس واقعے میں مذہبی منافرت کا پہلو نہیں مل سکا ہے۔