کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں فائرنگ سے باپ کی ہلاکت اور بیٹے کے زخمی ہونے پر علاقہ مکینوں نے گلستان جوہر چورنگی پر احتجاج کیا۔
پولیس کے مطابق گلستان جوہر بلاک 8 میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے منصور صادق اور ان کے بیٹے عمار کے زخمی ہونے پر عزیز و اقارب اور علاقہ مکینوں نے گلستان جوہر چورنگی پر احتجاج کیا۔
احتجاج میں مختلف تنظیموں کے رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔مظاہرہ کے شرکاء کا کہنا تھا کہ حکومت قاتلوں کی جلد از جلد گرفتاری یقینی بنائے۔چند گھنٹے احتجاج ریکاڑد کرانے کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے۔
پولیس کے مطابق گلستان جوہر بلاک 8 میں فائرنگ سے منصور زیدی نامی شخص جاں بحق اور اس کا بیٹا عمار زیدی زخمی ہو گیا تھا۔ایس پی گلشن ڈاکٹر فہد نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ گلستان جوہر اور گلشن چورنگی فائرنگ کے واقعات میں ایک ہی گروہ ملوث ہوسکتا ہے۔
دونوں واقعات 20 منٹ کے فرق سے پیش آئےاور جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے خول بھی ملے ہیں۔ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر کی ہدایت پر کراچی میں آج شام 6 بجے سے 11 محرم تک موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی رہے گی۔
آئی جی سندھ نے ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ریڈ الرٹ رہنے اور تمام امام بارگاہوٕں اور مجالس کے مقامات کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب فیڈرل بی ایریا بلاک 16 میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کی گئی، جس سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔