بھارتی ہائی کمیشن کے نا پسندیدہ قرار دیے گئے دو اہلکار بذریعہ ہوائی جہاز بھارت واپس چلے گئے جبکہ تین واہگہ کے راستے آج بھارت واپس جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن میں سفارتی عملے کی آڑ میں بھارتی ایجنسیوں کے دو ایجنٹس وطن واپسی کےلیے اسلام آباد ایر پورٹ پر موجود ہیں۔ان اہلکاروں میں فرسٹ سیکرٹری پریس بلبیر سنگھ اور جیا بالن سینتھل شامل ہیں۔
دونوں اہلکار غیر ملکی پرواز ای کے 615 کے ذریعے آج صبح 3 بجے دبئی کےلیے روانہ ہوں گے۔جبکہ تین دیگر اہلکار وں امردیپ سنگھ بھٹی، راجیش کمار اگنی ہوتری اور دھرمیندرا کی آج صبح بذریعہ واہگہ بھارت واپسی کا امکان ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن میں فرسٹ سیکرٹری پریس بلبیر سنگھ پر بھارتی آئی بی کا اسٹیشن چیف تھا ،جیا بالن سینتھل کا تعلق بھی بھارتی انٹیلجینس بیورو سے ہے۔
پاکستان نے بھارتی ہائی کمیشن میں سفارتی اہلکاروں کے روپ میں بھارتی ایجنسیوں کے 8 ایجنٹس کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔جس میں سے تین اہلکار انوراگ سنگھ، مادھوان نندا کمار اور وجے کمار دو روز قبل بھارت واپس جا چکے ہیں۔