کوٹلی: لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں 2 افراد شہید ہوگئے جب کہ پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا ہے۔
لائن آف کنٹرول پربھارتی جنگی جنون قابو میں آنے کا نام نہیں لے رہا اور گزشتہ کئی ماہ سے بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے، منگل کی صبح بھی قابض بھارتی فوج نے کھوئی رٹہ سیکٹر کے علاقوں چتر، ہنڈلی اور گاہی میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا، بنڈلی میں واقع ایک اسکول کے قریب بھارتی فوج کی جانب سے داغا گیا ایک مارٹر گولہ عین اس وقت آگرا جب وہاں بچے تعلیم حاصل کررہے تھے تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن بٹل سیکٹر میں گھر پر گولہ گرنے سے ماں اور بیٹی شہید ہوگئے۔ واقعے کے بعد سرحدی علاقوں میں واقع تمام سرکاری و نجی اسکول اور کالجز تاحکم ثانی بند کردیئے گئے ہیں۔
دوسری جانب کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارت کی مسلسل گولہ باری اور اس کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کر کے سخت احتجاج کیا گیا ہے، بھارت کو باور کراگیا کہ وہ جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے ۔ بھارت لائن آف کنٹرول پر شہریوں کونشانہ بنانا بند کرے۔
واضح رہے کہ حواس باختہ بھارت کو سرجیکل اسٹرائیک کے جھوٹے دعوے کے بعد عالمی سطح پر بدنامی کا سامنا ہے جس کے بعد سے بھارتی فوج کی جانب سے مسلسل لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی جارہی ہے جس کے نتیجے میں اب تک متعدد پاکستانی شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔