اسلام آباد میں متنازعہ بینرز لگانے کے الزام میں گرفتار دو ملزمان کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا گیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان اصل ذمہ داروں تک پہنچنے کے لئے پہلی سیڑھی ہیں۔
اسلام آباد: (یس اُردو) شہر اقتدار میں متنازعہ بینرز لگانے کا معاملہ بدستور عوام اور حکومت کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ آج اس سلسلے میں ایک اہم پیشرفت اس وقت ہوئی جب اسلام آباد پولیس نے اس سلسلے میں گرفتار دو افراد کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا۔ ملزمان پر عوام کو حکومت وقت کے خلاف اکسانے کا الزام ہے۔گرفتار ملزمان ارشد اور فہیم کو اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ سید حیدر شاہ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان اصل ذمہ داروں تک پہنچنے کے لئے پہلی سیڑهی ہیں اس لئے ان کا پانچ روزہ ریمانڈ دیا جائے۔ عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ ملزمان کو سیف سٹی منصوبے کے تحت لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے شناخت کیا گیا۔