کراچی……..کراچی میں سال 2015 موسمی بیماریوں کے لحاظ سے خا صہ پریشان کن رہا جس نے ڈھائی ہزار سے زائد افراد کی جانیں لے لیں۔سال 2015 نے کراچی کے شہریوں کو موسمی بیماریوں کے لحاظ سے خاصہ پریشان کیے رکھا ،جون میں پڑنے والے شدید گرمی نے جہاں ماضی کے تمام ریکارڈ توڑے ، وہیں تقریباً 2 ہزار سے زائد افراد جن میں خواتین ،بچے او ر بزرگ شہریوں کی تعداد سب سے زیادہ تھی، جان سے گئے۔شہر میں بلدیہ عظمٰی کی جانب سے انسداد ڈینگی اسپرے نہ کیے جانے کے باعث ڈینگی کا وائرس بھی بےقابو رہا اور 11 افراد کی جانیں لے گیا۔ واٹر بورڈ کی غفلت کے باعث پانی میں کلورین کی کمی نے نگلیریا کے جرثومہ کو جنم دیا جس نے 12 قیمتی زندگیاں چھین لیں۔عید الاضحیٰ کے موقع پر بھی جہاں لوگ خوشیاں منارہے تھے وہیں شہر میں کانگو وائرس نے چار افراد کو موت کی نیند سلا دیا۔