کراچی : پیپلزپارٹی آج کراچی میں بھرپور سیاسی طاقت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سانحہ کارساز کی یاد میں ”سلام شہداءریلی“ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے شہرکے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے رہے۔ جیالے ”جئے بھٹو“ کے نعروں کے ساتھ مراد علی شاہ کا استقبال کرتے اور رقص کرتے رہے۔
تفصیلات کے مطابق ”سلام شہداءریلی“ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ خود شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے رہے۔ مراد علی شاہ کے بلاول چورنگی پہنچنے پر جیالوں نے بھرپور انداز میں ”جئے بھٹو“ کے نعروں کے ساتھ ان کا استقبال کیا۔ پارٹی کارکن پارٹی نغموں پر جھومتے اور رقص کرتے رہے۔
وزیراعلی مراد علی شاہ نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئندہ انتخابات دو ہزار اٹھارہ کی تیاری شروع کرنے کا بھی عندیہ دے دیا۔ ان کا کہنا تھا ریلی کے لیے شہر بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ریلی کے لیے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے بھی بلاول ہاوس کا دورہ کیا۔
انہوں نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ سانحہ کارساز کی تحقیقات کے نتیجے میں ذمہ داروں کو ضرور سزا ملے گی۔ پیپلز پارٹی کی ”سلام شہداءریلی“ کے لیے شہر کی تمام مرکزی شاہراہوں اور سڑکوں پر پیپلز پارٹی کے استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ہیں جن میں پارٹی کے ترانے بجائے جارہے ہیں اور کارکنان رقص کررہے ہیں