اسلام آباد: (اصغر علی مبارک) پانچویں ایشین انڈور اینڈ مارشل آرٹس گیمز اشک آباد 2017ء میں میڈلز حاصل کرنیوالے 21 پاکستانی سٹارز 8 ماہ بعد بھی حکومت کی جانب سے انعامی رقم سے محروم ہیں جبکہ ان کے بعد کامن ویلتھ گیمز کئی انٹرنیشنل مقابلوں کی انعامی رقوم قومی ہیروز کو ادا کی جاچکی ہیں۔
17 تا 27 ستمبر 2017ء کو ترکمانستان کے شہر اشک آباد میں منعقدہ گیمز میں پاکستان نے 2 گولڈ، 3 سلور اور 16 برائونز میڈلز حاصل کر کے مجموعی طور پر 22 ویں پوزیشن حاصل کی تھی لیکن یہ میڈلز جیتنے والے 21 قومی مرد و خواتین اتھلیٹس کو حکومت کی طرف سے تاحال کوئی انعامی رقم نہ مل سکی۔ انڈور گیمز کی میڈلسٹ پاکستانی اتھلیٹ بینش خان نے کہا ہے کہ حکومت نے کامن ویلتھ گیمز میں میڈلز حاصل کرنیوالے قومی ہیروز کو فوری انعامی رقم ادا کرکے ایک اچھی روایت شروع کی ہے لیکن ہمیں انڈور گیمز کی انعامی رقم 8 ماہ بعد بھی نہ مل سکی جو لمحہ فکریہ ہے، انہوں نے پاکستان سپورٹس بورڈ حکام سے مطالبہ کیا کہ انہیں انعامی رقم ادا کی جائے۔