پنجاب کے 36 میں سے 21 اضلاع کے متعدد پولنگ اسٹیشنز میں 17 دسمبر کو دوبارہ بلدیاتی انتخابات ہو رہے ہیں۔ سندھ کے 16 اضلاع کے متعدد پولنگ اسٹیشنز میں 17 دسمبر کو دوبارہ بلدیاتی انتخابات ہو رہے ہیں۔
لاہور: (یس اُردو) پنجاب اور سندھ کے متعدد حلقوں میں لڑائی جھگڑے، امن و امان کی صورتحال، غلط بیلٹ پیپرز پرنٹ ہونے اور انتخابی میٹیریئل چھیننے جیسے واقعات کے سبب انتخابات ملتوی کر دیئے گئے تھے۔ پنجاب کے جن اضلاع میں دوبارہ انتخابات ہو رہے ہیں ان میں لاہور، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالا، اوکاڑہ، گجرات، قصور، ننکانہ صاحب، وہاڑی، بہاولنگر، چنیوٹ، شیخو پورہ، سرگودھا، ساہیوال، خانیوال، اٹک، سیالکوٹ، ڈی جی خان، رحیم یار خان، بھکر اور نارووال شامل ہیں۔پنجاب کی 16 یونین کونسلز کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کی قسمت کا فیصلہ بھی 17 دسمبر کو ہو گا۔ لاہور میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی یو سی 231 میں دوبارہ پولنگ ہو رہی ہے۔ فیصل آباد ضلع کونسل کی 4 یو سیز، قصور کی 2، اوکاڑہ کی 1، ملتان میونسپل کارپوریشن اور ضلع کونسل کی1، 1، شیخو پورہ کی 2، خانیوال کی 1، گوجرانوالا کی 1 اور بہاولپور میونسپل کارپوریشن کی 1 یو سی میں 17 دسمبر کو انتخاب ہو گا۔پنجاب کی 7 میونسپل کمیٹیوں کے ایک، ایک وارڈ میں الیکشن ہو گا جن میں اوکاڑہ، کوٹ رادھا کشن، لالہ موسیٰ، حضرو، کوٹ چھٹہ، عبد الحکیم اور ہارون آباد میونسپل کمیٹیاں شامل ہیں۔
سندھ کے جن اضلاع میں دوبارہ انتخابات ہو رہے ہیں ان میں کراچی شرقی اور غربی، حیدر آباد، سکھر، گھوٹکی، خیر پور، جیکب آباد، کشمور کندھ کوٹ، قمبر شہداد کوٹ، شکار پور، نوشہرو فیروز، ٹنڈو الہ یار، تھرپارکر، میر پور خاص، ٹھٹھہ اور سجاول شامل ہیں۔ سندھ کی 4 ٹاؤن کمیٹیوں میں ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں نوشہرو فیروز کی ٹاؤن کمیٹی ہلانی اور مٹھانی، بدین کی ٹاؤن کمیٹی تلہار اور حیدر آباد کی ٹاؤن کمیٹی ہسری شامل ہیں۔ سندھ کی 27 یونین کونسلز میں بھی 17 دسمبر کو الیکشن ہوں گے۔
کراچی شرقی کی یونین کمیٹی 28 کے وارڈ 1 اور کراچی غربی کی یو سی 4 کے وارڈ 2 میں 17 دسمبر کو الیکشن ہوں گے۔ حیدر آباد کی یونین کمیٹی 8 اور 53 میں ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔