اسلام آباد( اصغر علی مبارک) تئیسویں خاور شاہ نیشنل بیس بال چیمپئن شپ مارچ 5 – 10 تک عاشق حسین بیس بال سٹیڈیم بحریہ ٹاؤن میں منعقد ہوگی۔ سید فخرعلی شاہ صدر پاکستان فیڈریشن بیس بال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیڈریشن کے سابق صدر سید خاور شاہ کی وفات کے بعد یہ پہلی نیشنل چیمپئن شپ ہے جس کا انعقاد بحریہ ٹاؤن میں کیا جارہا ہے۔
سید فخر شاہ نے کہا کہ سید خاور شاہ پاکستان سپورٹس کی ایک بہت بڑی شخصیت تھی ۔ پاکستان کی سپورٹس کی تاریخ میں ان کا نام ہمیشہ سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ فیڈریشن کے صدر کی حیثیت سے انہوں نے بیس بال کے کھیل کو ایشین اور ورلڈ لیول پر بلند مقام پر پہنچایا۔
فخرشاہ نے بتایا کہ فیڈریشن نے نیشنل بیس بال چیمپئن شپ کا نام تبدیل کرکے تئیسویں خاورشاہ نیشنل بیس بال چیمپئن شپ رکھ دیا ہے ۔ جس کا انعقاد مارچ 5 – 10 تک عاشق حسین بیس بال سٹیڈیم بحریہ ٹاؤن لاہور میں ہوگا۔ چیمپئن شپ میں بلوچستان، فاٹا، کے پی کے، اسلام آباد ، پنجاب ، سندھ ، پاکستان آرمی ، پاکستان واپڈا اور پاکستان پولیس کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔
فخر شاہ نے مزید بتا یا کہ چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی بحریہ ٹاؤن لاہور کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بریگیڈئیر (ر) خلیل اللہ بٹ ہوں گے ۔ جو بال پچ کرکے چیمپئن شپ کا افتتاح کریں گے۔
میچز کے ڈراز اور ٹورنامنٹ کے حوالے سے ٹیموں کے مینیجرز کی میٹنگ ڈائریکٹر سپورٹس بحریہ ٹاؤن لاہور کے آفس میں پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ کی نگرانی میں ہوئی۔ اس موقع پر پاکستان فیڈریشن بیس بال کے سینئر نائب صدر /چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی محمد محسن خان ، محمد جمیل کامران چیئرمین ٹیکنیکل کمیٹی ، ظفر حسین وڑائچ آرگنائزنگ سیکرٹری ، کرنل صدف اکرم پاکستان آرمی، باسط مرتضیٰ پاکستان واپڈا، طارق ندیم پاکستان پولیس ، طاہر محمود اسلام آباد، عمر حیات پنجاب اور شیخ پرویز احمد سندھ بھی موجود تھے ۔ ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز تین میچ کھیلے جائیں گے ۔
.1 پنجاب بمقابلہ اسلام آباد
.2 کے پی کے بمقابلہ سندھ
.3 فاٹا بمقابلہ بلوچستان
شیخ مظہر احمد
سیکرٹری جنرل
پاکستان فیڈریشن بیس بال