برازیلیا: برازیل کی شمالی ریاست رورائما کی جیل میں 2 گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں 25 قیدی ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برازیل کی شمالی ریاست رورائما کے علاقے بوا وسٹا کی جیل میں قیدیوں کی ملاقات کے اوقات کار میں ایک گروہ دوسرے گروہ کے کیمپ میں گھس گیا جس پر دونوں گروپوں میں آپس میں تصادم شروع ہو گیا جو دیکھتے ہی دیکھتے خون کی ہولی میں بدل گیا اور 25 قیدی ہلاک ہو گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق قیدی تیز دھار آلوں اور لکڑی کے اوزاروں سے لیس تھے جب کہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں 6 افراد کو گلا کاٹ کر ہلاک کیا گیا جب کہ 6 کو زندہ جلا کر مارا گیا۔ قیدیوں کی لڑائی کے باعث ملاقات کے لئے آئے ہوئے افراد بھی محصور ہو کر رہ گئے جنہیں پولیس نے بحفاظت باہر نکالا اور حالات پر قابو پایا۔ مقامی میڈیا کے مطابق 740 افراد کے ئلئے بنائی گئی جیل میں اس وقت 1400 قیدی موجود ہیں۔
واضح رہے کہ برازیل جیل میں سب سے زیادہ قیدیوں کے حوالے سے دنیا میں چوتھے نمبر پر آتا ہے جہاں تقریبا 6 لاکھ افراد قید ہیں جب کہ ملک میں متعدد جیل ایسے ہیں جہاں ان کیگنجائش سے زیادہ قیدیوں کو رکھا گیا ہے اور جہاں سے مضبوط گینگ وار نیٹ ورک چل رہے ہیں