ٹوکیو: جاپان میں ایک مقامی غوطہ خور اور ایک عجیب الخلقت مچھلی کے درمیان گزشتہ 25 سال سے دوستی قائم ہے اور دونوں ایک
دوسرے سے ملتے رہتے ہیں۔
جاپان کی آبنائے ٹیٹیاما بے میں ایک غوطہ خور اور مچھلی کے درمیان گزشتہ 25 برس سے دوستی قائم ہے اور دونوں ایک دوسرے کے ساتھ گھنٹوں گزارتے ہیں۔
25 برس قبل غوطہ خور ہیرویوکی آراکاوا پانی کے اندر ڈوبے ہوئے ایک قدیم مندر شنتو پر تحقیق کررہے تھے تو ان کی رہنمائی ایک شیپ ہیڈ وراسی مچھلی نے کی تھی۔ اب یہ حال ہے کہ جیسے ہی آراکاوا اس جگہ پہنچتے ہیں تو دھات کے ایک چھوٹے ٹکڑے پر ہتھوڑی کی ضرب لگاتے ہیں اور تھوڑی دیر میں مچھلی ان کے پاس آجاتی ہے۔ اس مچھلی کا نام یوریکو رکھا گیا ہے۔
ہیرویوکی اسکوبا ڈائیونگ کی ایک دکان چلاتے ہیں اور وہ شنتو مندر کی دیکھ بھال بھی کرتے ہیں جو پانی کے اندر ہے۔ ہر بار مچھلی ان کی پکار پر آجاتی ہے اور ان کے ساتھ وقت گزارتی ہے۔ اس غیر معمولی دوستی کا سن کر دنیا بھر کے لوگ ان کے پاس آتے ہیں اور وہ ان دونوں کو ایک ساتھ دیکھ کر ان کی تصاویر اور ویڈیوز بناتےہیں۔