گوجرانوالہ: انسانی سمگلرز کے ذریعے غیر قانونی طریقہ سے ترکی جانے کی کوشش میں 25 نوجوان ایران میں گلیشیرز کی سلائیڈنگ سے برف تلے دب کر جاں بحق ہوگئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، حافظ آباد، شیخوپورہ سمیت دیگر اضلاع کے 25 نوجوانوں کے ایک گروپ کو انسانی اسمگلرز نے سہانے خواب دکھائے اور فی کس ڈیڑھ لاکھ میں زمینی راستہ سے غیر قانونی طور پر ایران تک پہنچانے کیلیے آمادہ کیا۔ بچ جانے والے نوجوان خضر عباس کے مطابق ایجنٹ لاہور کا تھا جو ٹھیک نام نہ بتاتا تھا اس نے سب کو لے جانا تھا جب 25 نوجوان غیر قانونی طور پہ بارڈر پار کرنے نکلے تو میں پیچھے رہ گیا اور نہ جا سکا، بعد میں پتاچلا کہ گلیشئرز کی سلائیڈنگ سے سب برف تلے دب کر جاں بحق ہوگئے ہیں لیکن بعدازاں ایجنٹ نے 11 کی موت سے متعلق ہمیں بتایا۔