سن 2003 سے 2016 کے دوران نیب میں 273 افسران کی تعیناتیاں اور ترقیاں خلاف ضابطہ کی گئیں ۔ یہ انکشاف اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی رپورٹ میں کیا گیا ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نیب میں تعیناتیوں، ترقیوں اورڈیپوٹیشن پر لیے افسران سے متعلق رپورٹ تیار کر لی۔ نیب میں گریڈ16تا گریڈ 21 کے 1719 افسران کی تعیناتیاں و ترقیاں ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق نیب میں یہ تعیناتیاں اور ترقیاں سال 2003 سے 2016 کے دوران ہوئیں، 273 افسران کی تعیناتیاں اور ترقیاں خلاف ضابطہ کی گئیں، 18 افسران کی گریڈ 20 میں ترقی کے لیے کوالی فکیشن پوری نہ تھی۔ گریڈ 19 کے 7 افسران نے ترقی کے لیے مطلوبہ تربیت مکمل نہ کی جبکہ گریڈ 19 میں ترقی پانے والے 44 افسروں کی سروس کا دورانیہ پورا نہ تھا۔ رپورٹ کے مطابق ایک افسر کو اے سی آر اور اہلیت جانچے بغیر گریڈ 19 میں ترقی دی گئی ،گریڈ 17 میں ترقی پانے والے 9 افسران معیار پر پورا نہیں اترتے تھے۔ ضم کیے گئے 32 افسران میں سے 19 کے پاس مطلوبہ اہلیت نہیں تھی، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کی جائے گی۔