میکسیکو کی جیل میں ایک مرتبہ پھر قیدیوں کے درمیان خونریز تصادم کے نتیجے میں 28 قیدی ہلاک ہوگئے جب کہ انتظامیہ نے واقعے کے بعد جیل کی سیکیورٹی مزید بڑھا دی۔
میکسیکو کے شہر اکاپولکو کی سیرسکو فیڈرل جیل میں قیدیوں کے 2 گروہوں میں خونریز تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 28 قیدی ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ قیدیوں کے درمیان تصادم کے بعد جیل پولیس نے فیڈرل پولیس اور آرمی کے دستوں کو طلب کرلیا جس کے بعد جیل کا محاصرہ کرتے ہوئے قیدیوں کو فوج کی نگرانی میں مختلف بیرکوں میں منتقل کردیا گیا۔ سیکیورٹی ترجمان روبرٹو الوارز کے مطابق منشیات فروش 2 گروپوں کے درمیان تصادم ہوا جس کے بعد انہوں نے ایک دوسرے کے گلے کاٹنے کے علاوہ لاشوں کو بھی مسخ کیا جب کہ بیشتر لاشیں باورچی خانے اور ملاقات کے لئے مختص مقام پر پڑی تھیں۔ خیال رہے کہ میکسیکو کی جیل میں قیدیوں کے درمیان خونریز تصادم کا یہ پہلا واقعہ نہیں، اس سے قبل گزشتہ سال اسی جیل میں قیدیوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 49 قیدی ہلاک ہوگئے تھے۔