پیرس(ایس ایم حسنین)ممتاز صحافی اورپیپلز پارٹی فرانس کے سینیئر راہنما قاری فاروق احمد نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں28ستمبر کسان مارچ کسانوں کی خوشحالی کیلئے نئی تاریخ لکھے گا۔ پنجاب کے کسان پورے پاکستان کیلئے اناج اور مختلف زرعی مصنوعات فراہم کرتے ہیں مگر خود انتہائی کسمپرسی کے حالات میں زندگی گزار رہے ہیں۔ پنجاب حکومت جھوٹے دعووں میں ماہر ہے اور اس دیرینہ مسئلے پر مدت سے چشم پوشی کر رہی ہے جبکہ یہ نہائت حساس معاملہ ہے۔ پنجاب کے کسان چور بازاری اور آجروں کے استحصال کا بھی شکار ہیں جس کیلئے کافی عرصے سے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی جارہی۔اس کے ساتھ ساتھ کسانوں کو ان کی فصلوں کی مناسب قیمت بھی نہیں مل پاتی جس کی سب سے بڑی وجہ ن لیگ کے حکومتی وزرا کا مافیا ز سے میل جول ہے۔