بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کا سب سے بڑا نقصان دونوں ممالک کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کو ہوا، مگر کئی فنکاروں اور فلموں پر پابندی لگنے کے باوجود بھی جےپور میں ہونے والے فلم فیسٹیول کی انتظامیہ نے پاکستان کی تین فلموں کی نمائش کا فیصلہ کیا ہے۔
اکتوبر میں جیو مامی 18ویں ممبئی فلم فیسٹیول نے بھی پاکستان کی کامیاب فلم ʼجاگو ہوا سویر کی نمائش کا فیصلہ کیا تھا، تاہم فیسٹیول کی انتظامیہ کے خلاف پولیس میں شکایت اور مظاہروں کے باعث اس کی نمائش منسوخ کردی گئی۔
جےپور فیسٹیول میں نمائش کے لیے پیش کی جانے والی فلموں میں ہدایت کار انجم شہزاد کی فلم ʼماہ میر، مبین انصاری کی ڈاکومنٹری فلم ʼہیل ہول اور عاصم عباسی کی شارٹ فلم ʼلٹل ریڈ روزز شامل ہیں۔
واضح رہے کہ فلم ʼماہ میر کی کہانی مقبول شاعر میر تقی میر سے متاثر ہے، جس میں فہد مصطفیٰ اور ایمان علی نے مرکزی کردار ادا کیے۔فلم ʼہیل ہول کی کہانی پاکستان میں صفائی کرنے والے مزدوروں پر مبنی ہے، جبکہ فلم ʼلٹل ریڈ روزز کی کہانی ایک ایسی لڑکی پر ہے جو لڑکوں کا روپ اپنا کر سڑکوں پر گلاب بیچتی تھی۔
جےپور فلم فیسٹیول کا آغاز اگلے سال 7 جنوری سے ہوگا، جو 11 جنوری تک جاری رہے گا۔