اسلام آباد: ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق سینیٹ، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے اب تک 348 ارکان کے اثاثوں کی تفصیلات موصول نہیں ہوئیں جب کہ الیکشن کمیشن اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے ارکان کی رکنیت آج معطل کردے گا۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق سینیٹ، قومی اورصوبائی اسمبلیوں کے ارکان کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ اپنے اثاثوں کی تفصیلات 30 ستمبرتک جمع کرادیں، 15 اکتوبرکو اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے ارکان کی رکنیت معطل کردی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کی ہدایات کی روشنی میں سینیٹ، قومی وصوبائی اسمبلی کے ایک ہزارایک سو سے زائد ارکان کی اکثریت نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرادی ہے جن میں وزیر اعظم نواز شریف اور عمران کان بھی شامل ہیں تاہم 348 ارکان پارلیمنٹ نے اب تک اپن آئینی ذمہ داری پوری نہیں کی۔
جن عوامی نمائندون نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائی ان میں 22 سینیٹرز اور 71 ارکان قومی اسمبلی کے علاوہ پنجاب اسمبلی کے 140، سندھ کے 49 اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے 51 ارکان شامل ہیں، خدشہ ہے کہ ان تمام ارکان کی رکنیت تفصیلات جمع کرانے تک معطلکردی جائے گی