پولیس اور سیکورٹی فورسز نے پشاور کے علاقے پھندو میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے 38 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلیں۔سرچ آپریشن پھندو کے علاقے میں علی الصبح کیا گیا جس میں پولیس اور سیکورٹی فورسز نے حصہ لیا۔
پولیس کے مطابق سرچ آپریشن میں 38 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جب کہ 24 افراد کو کرایہ داری کے کوائف مکمل نہ کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن میں گرفتار مشتبہ افراد سے 6 پستول، درجنوں کارتوس، شراب اور چرس برآمد کی گئی ہے،جب کہ 2افراد کو گزشتہ شب ہوائی فائرنگ کرنے پر بھی گرفتار کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق تمام گرفتار افراد کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں جنھیں آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔