ممبئی: بھارت کے سب سے مستند فلمی ایوارڈز فلم فیئر میں مختلف شعبوں میں چار پاکستانی فنکاروں کو نامزد کیا گيا ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارت کے سب سے بڑے فلمی ایوارڈز فلم فئیر کے لئے ایوارڈز کی مکمل نامزدگیاں جاری کردی گئی ہیں جس میں پاکستانی اداکار فواد خان کو فلم ‘کپور اینڈ سنز’ میں بہترین معاون اداکار کے لیے نامزد کیا گیا ہے جبکہ ان کے مقابلے میں بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار رشی کپور ہیں جو بطور معاون اداکار اسٹار اسکرین ایوارڈ اور اسٹار ڈسٹ ایوارڈ کے اعزازات حاصل کرچکے ہیں جبکہ فواد خان کو گذشتہ سال فلم ‘خوبصورت’ کے لیے ‘بیسٹ میل ڈبیو’ کا ایوارڈ مل چکا ہے۔پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کو فلم ‘رستم’ کے گیت ‘تیرے سنگ یارا’ کے لیے مقابلے میں شامل کیا گیا ہے اور راحت فتح علی خان کو سلمان خان کی معروف فلم ‘سلطان’ کے گیت ‘جگ گھومیا’ کے لیے نامزدگی ملی ہے۔ راحت فتح علی خان کو 2011 میں فلم ‘عشقیہ’ کے گيت ‘دل تو بچہ ہے جی’ کے لیے ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے۔ جبکہ پہلی بار نامزد ہونے والی پاکستانی گلوکارہ قرۃ العین بلوچ کو فلم ‘پنک’ کے گیت ‘کاری کاری’ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔واضح رہےکہ رواں برس مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورت حال اور ایک فوجی ہیڈکوارٹر پر حملے کے بعد بھارت میں پاکستانی اداکاروں کے کام کرنے پر پابندی ہے اور ہندو انتہا پسندوں سے خوف زدہ ہوکر اسٹار اسکرین ایوارڈز کا انعقاد ہوا جس میں پاکستانی اداکاروں کو نامزد نہیں کیا گیا جب کہ اسٹار ڈسٹ ایوارڈز کی انتظامیہ نے بھی پاکستانی فنکاروں کو نامزد نہیں کیا۔