ماہرین آثار قدیمہ نے سائبیریا سے 4 ہزار سال پرانا ایک کھلونا دریافت کیا ہے، جو آج بھی درست حالت میں ہے۔ بھالو کی شکل کے اس جھنجھنے سے اب بھی آواز آ رہی ہے۔
نوواسبیرسک: غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق روس کے صوبے سائبیریا میں مٹی سے بنایا گیا ایک ایسا کھلونا دریافت ہوا ہے جو کم از کم 4 ہزار سال پرانا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بھالو کی شکل کے اس جھنجھنے کو حرکت دی جائے تو اس سے اب بھی آواز پیدا ہوتی ہے۔ اس کھلونے کی کھوج لگانے والے ماہرین آثار قدیمہ کا کہنا ہے کہ اس کا شمار دنیا کے قدیم ترین کھلونوں میں ہوتا ہے۔ کھلونے پر تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ اس کا تعلق 2500 سے 800 قبل مسیح کے عہد سے ہے۔ نوواسبیرسک کے ماہر آثار قدیمہ کے مطابق مٹی سے بنا ہوا یہ کھلونا اندر سے کھوکھلا ہے جس میں چھوٹے چھوٹے کنکر بھرے گئے ہیں۔ اس کھلونے کو حرکت دینے سے یہ کنکر آواز پیدا کرتے ہیں۔