بھارتی فلم انڈسٹری کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن اور ان کی اہلیہ جیا بچن کو شادی کے بندھن میں بندھے 43 سال گزر چکے ہیں۔ اپنی سالگرہ پر نیک خواہشات اور مبارکباد کے پیغامات دینے پر انہوں نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ممبئی: (یس اپردو) بھارتی فلم انڈسڑی کے میگا سٹار امیتابھ بچن اور ان کی اہلیہ جیا بچن کی شادی 3 جون 1973ء کو انجام پائی تھی۔ شادی کی 43ویں سالگرہ پر اپنے مداحوں کے نام پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ آج جیا اور میرے درمیان قائم رشتے کا ایک اور سال بیت گیا۔ جیا میری زندگی کی بہترین ساتھی ہیں۔ ہم نے زندگی کی کئی بہاریں غم اور خوشی ایک ساتھ دیکھے ہیں۔ بالی وڈ پر راج کرنے والے اداکار امیتابھ نے اپنی شادی کی 40ویں سالگرہ پر لکھے ایک بلاگ میں بتایا تھا کہ فلم زنجیر کی شوٹنگ کے دوران انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ اگر فلم کامیاب ہو گئی تو وہ دونوں شادی کر لیں گے ورنہ دونوں کی راہیں جدا ہو جائیں گی لیکن زنجیر نے ان دونوں کو ایک ساتھ باندھ دیا۔ 3 جون 1973ء کو ممبئی میں ان دونوں ستاروں کے درمیان شادی انجام پائی۔ شادی کی تقریب میں قریبی رشتہ داروں اور دوستوں نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ امیتابھ بچن کی پہلی ہٹ فلم زنجیر تھی جو 1973ء میں ریلیز ہوئی لیکن جیا بچن اس وقت ایک کامیاب اداکارہ تسلیم کی جاتی تھیں۔ اس فلمی جوڑے نے ابھیمان، چپکے چپکے، شعلے اور زنجیر میں ایک ساتھ کام کیا۔ اس کے علاوہ کبھی خوشی کبھی غم میں بھی اداکار جوڑا ایک ساتھ بڑی سکرین پر جلوہ گر ہوا۔