ننکانہ صاحب(محمد قمر عباس)ضلع ننکانہ میں 6رمضان بازار 3جون سے لگادیئے جائیں گے۔جن کے اوقات کار 9بجے صبح سے 6بجے شام کے ہوں گے۔ڈی سی او ننکانہ ڈاکٹرعثمان علی خاں ننکانہ سٹی ،شاہکوٹ،سانگلہ ہل،واربرٹن،موڑکھندا،سیدوالہ سمیت کل 6رمضان بازار قائم کیے جائیں گے۔جہاں اشیائے خوردونوش مارکیٹ سے 10%کم نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔ ان خیالات کا اظہار ڈی سی او ننکانہ ڈاکٹر عثمان علی خان نے “رمضان بازاروں”کے حوالے سے منعقدہ میٹنگ کے دوران کیا۔ڈی سی او نے مزید کہا کہ تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹت کمشنرز ان رمضان بازاروں کو مانیٹر کریں گے۔یوٹیلٹی سٹورز کے سٹالز کے علاوہ گوشت،مٹن، بیف،چکن سمیت سبزیوں کے سٹالز بھی لگائے جائیں گے۔مٹن اور بیف حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایت پر صبح9بجے سے 12بجے تک فروخت ہوگا۔گوشت پر 10روپے فی کلو سبسڈی جبکہ انڈوں پر 5روپے فی درجن سبسڈی دی جائے گی۔ڈی سی او نے تمام رمضان بازاروں کے انچارج حضرات کو ہدایات جاری کیں کہ وہ بزرگ شہریوں اور خواتین کے لیے بیٹھنے کی جگہ،پنکھوں کی فراہمی،جنریٹر ز کی فراہمی،صفائی کے انتظامات ،پارکنگ کی سہولت،واش رومز سمیت فرسٹ ایڈ سنٹر کا قیام عمل میں لائیں۔ڈی سی او ڈاکٹر عثمان علی خان نے تمام محکموں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اپنے اپنے عملے کی ہمہ وقت دستیابی کو یقینی بنائیں ورنہ ان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔رمضان بازاروں کے حوالے سے منعقدہ میٹنگ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر ڈاکٹر شاہ زیب حسنین،تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز،ٹی ایم اوز ،رمضان بازاروں کے انچارج سمیت ضلع بھر کے دیگر افسران نے شرکت کی