جوزف لیگن نامی اس قیدی کو 16 سال کی عمر جیل میں ڈالا گیا تھا۔ اب اس قیدی کی عمر 79 سال ہو چکی ہے۔
فلاڈلفیا: غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جیل کی سلاخوں کے پیچھے 63 سال سے بند ایک امریکی قیدی نے رہا ہونے سے انکار کر دیا ہے۔ 79 سالہ جوزف لیگن نامی اس قیدی کا کہنا ہے کہ اس نے اپنی ساری زندگی جیل میں گزار دی، حکومت اسے رہا کرنا چاہتی ہے تو بغیر کسی شرط کے اس پر عمل درآمد کرے، ورنہ اسے رہا ہونے کا کوئی شوق نہیں ہے۔ خبریں ہیں کہ حکام نے جوزف لیگن کو پیرول کی شرط پر رہائی کی پیشکش کی تھی۔ جوزف لیگن کو 16 برس کی عمر میں دو افراد کو قتل کر دینے کے جرم کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا۔ قیدی کا ماننا ہے کہ اس کا شمار دنیا کے طویل ترین سزا پانے والے مجرموں میں ہوتا ہے۔ وہ 63 سال تک جیل میں اپنی زندگی گزار چکا ہے۔ اب بھی اسے شرائط پر رہا کیا جانا ہے تو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ جوزف لیگن نے فیصلہ کیا کہ وہ اپنی آزادی کو بنا کسی شرط کے قبول کرے گا۔