27 اکتوبر 1947 تاریخ کا وہ سیاہ دن تھا جب بھارتی فوج نے کشمیریوں پر مظالم ، قتل عام اور جبری قبضے کا آغاز کیا جس کا سلسلہ آج تک جاری ہے
سری نگر: مقبوضہ وادی پر بھارتی قبضے کو 69 سال ہو گئے ، جس کے خلاف دنیا بھر کے کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں ۔ بھارتی فوج نے 27 اکتوبر 1947 کو جموں و کشمیر میں گھس کر زبردستی قبضہ کر لیا تھا ۔
27 اکتوبر 1947 تاریخ کا وہ سیاہ دن تھا جب بھارتی فوج نے کشمیریوں پر مظالم ، قتل عام اور جبری قبضے کا آغاز کیا جس کا سلسلہ آج تک جاری ہے ۔
عیار بھارت نے تقسیم ہند کے منصوبے اور کشمیریوں کی مرضی کے بغیر جموں و کشمیر کے اپنے ساتھ الحاق کا اعلان کیا ۔ کشمیریوں نے روز اول سے ہی کبھی بھی بھارتی تسلط کوتسلیم نہیں کیا ۔
اقوام متحدہ سے متعدد بار مسئلہ کشمیر کے حل کی اپیل کی گئی ، سکیورٹی کونسل نے بہت سی قرار دادیں منظور کیں ۔ لیکن بھارت نے اپنی افواج کو نہ تو واپس بلایا اور نہ ہی کشمیروں کو استصواب رائے کا حق دیا ۔ 1957 تک بھارتی حکمران یہ کہتے رہے کہ وہ کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کی آزادی دیں گے، لیکن یہ وعدہ آج تک وفا نہ ہو سکا، جب تمام کوششیں ناکام ہو گئیں تو کشمیریوں نے 1989 میں باقاعدہ جدوجہد کا آغاز کر دیا ۔ گذشتہ 27 سالوں میں بھارتی قابض افواج نے 94،548 کشمیریوں کو شہید کیا ۔ 22،826 خواتین کو بیوہ اور 117591 بچوں کو یتیم کیا ، جبکہ 10717 کشمیری خواتین کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
کشمیریوں کی جانب سے یوم سیاہ منانے کا مقصد دنیا کو یہ باور کرانا ہے کہ بھارت نے انکی خواہشات کے برعکس جموں و کشمیر پر قبضہ کر رکھا ہے۔