لاہور: فلم، ریڈیو، ٹی وی اور اسٹیج کے صدارتی ایوارڈ یافتہ اداکار خیام سرحدی کی 6 ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔
ہنس مکھ اور ملنسار فنکار نے 1948ء میں اپنے وقت کے معروف فلمی ڈائریکٹر ضیاء سرحدی کے ہاں پیدا ہوئے۔ ضیاء سرحدی انھیں ڈاکٹر بنانا چاہتے تھے ‘مگر خیام سرحدی پر اداکار اورہدایتکار بننے کا جنون سوار تھا آخر والد کو بیٹے کے شوق کے آگے ہتھیار ڈالنے پڑے اور انھوں نے ایکٹنگ، ڈائریکشن او رپروڈکشن کا کورس کروانے کے لیے یونان بجھوا دیا،جہاں سے ڈپلومہ کرنے کے بعد تھیٹر سے وابستہ ہوگئے۔ خیام سرحدی پاکستان آکر ریڈیو جوائن کرلیا، جہاں سے پی ٹی وی کے پروڈیوسر یاور حیات نے ٹی وی ڈراموں میں متعارف کروایا۔ پی ٹی وی میں انھوں نے ’’وارث‘‘، ’’ریزہ ریزہ‘‘، ’’من چلے کا سودا‘‘، ’’دہلیز‘‘، ’’لازوال‘‘ ،’’سورج کے ساتھ ساتھ ‘‘ سمیت ان گنت ڈرامہ سیریلز میں کام کیا۔ اس کے علاوہ انھوں نے تین فلمیں ’’اک سی ڈاکو‘‘،’’بوبی‘‘ اور ’’مہک‘‘ میں کام کیا۔