مالٹوں کا موسم آئندہ چند ماہ میں پھر واپس آرہا ہے اور یہ پھل لوگوں کو بہت پسند بھی ہے جبکہ اس کے متعدد طبی فوائد بھی ہیں مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ اس کے چھلکے بھی کتنے کارآمد ہیں؟ان کی مہک اور آئلز وغیرہ انہیں قدرتی کلینر اور ائیر فریشنر بنادیتے ہیں۔ تو مالٹوں کے چھلکوں کے ایسے فوائد جانیں جن سے ہوسکتا ہے آپ واقف نہ ہوں۔ کیڑوں کو بھگائیں مالٹوں کے چھلکوں میں ایسا کیمیکل ہوتا ہے جو مچھروں، مکھیوں اور دیگر کیڑوں کو دور بھگاتا ہے، اس کے لیے چھلکوں کو اپنے احاطے یا دروازے اور کھڑکیوں کے قریب رکھ دینا بھی مچھروں اور کیڑوں کو دور بھگانے کے لیے کافی ثابت ہوتا ہے، اسی طرح مالٹے کے چھلکوں کو بلینڈ میں پیس لیں اور پھر ایک کپ گرم پانی میں ملالیں، اس سلوشن کو چیونٹیوں سے متاثرہ جگہوں پر چھڑک دیں۔ فریج کو ریفریش کریں کیا آپ کے فریج میں بو پیدا ہوگئی ہے ؟ تو مالٹے کے چند چھلکوں پر نمک چھڑک کر فریج میں رکھ دیں، نمک فریج میں پیدا ہونے والی بو اور اس کی ہوا میں موجود نمی کو جذب کرلے گا جبکہ چھلکے فریج کو مہکا دیں گے۔ لکڑی کی سطح جگمگائیں مالٹے کے چھلکے نہ صرف لکڑی کی سطح کو صاف کرکے میزوں اور الماریوں کو صاف اور جگمگاتے ہیں بلکہ انہیں اچھی مہک بھی دیتے ہیں، اس کے لیے کسی جار کا آدھا حصہ چھلکوں سے بھر کر سرکے انڈیل کر اسے پورا بھر دیں، اس کے بعد اس مکسچر کو دو ہفتے کے لیے چھوڑ دیں، پھر محلول میں سے چھلکے نکال کر پھینک دیں اور سیال کو اسپرے بوتل میں ڈال کر استعمال کرنا شروع کردیں۔ اسٹین لیس اسٹیل کو پالش کریںلکڑی کی طرح مالٹے کے چھلکے اسٹیل پر سے بھی داغ دھبے دور کرتے ہیں، بس چھلکوں کو اسٹیل کے برتنوں یا کسی بھی چیز پر رگڑیں اور نئے جیسے ہوجائیں گے۔ الماری کو مہکائیں اگر الماریاں پرانی ہوجائیں تو ان میں ایک عجیب سے بو پیدا ہوجاتی ہے، تو کسی جراب وغیرہ میں مالٹے کے چھلکے ڈال کر الماری میں رکھ دیں، جب وہ خشک ہوجائیں تو تازہ چھلکے رکھ دیں، الماری مہکتی رہے گی۔ بالوں کے لیے بہترین مالٹوں میں وٹامن سی پایا جاتا ہے جو صحت کے لیے بہتر ہوتا ہے مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ وہ بالوں کے لیے بھی کمال کرتا ہے؟ اس کے لیے ایک مالٹے کو چھلکوں سمیت بلینڈر میں ڈال دیں، اس سیرم یا محلول کو بالوں پر شیمپو کی طرح لگاکر دھولیں، آپ کے بال نرم اور جگمگانے لگیں گے۔ سنک کی بو دور کرے کیا کچھ کے سنک میں بدبو پیدا ہوگئی ہے اور اسے فوری طور پر دور کرنا چاہتے ہیں، تو مالٹے کے چند چھلکے اس کے سوراخ میں ڈال دیں، اس میں موجود آئلز اور عرق وغیرہ چکنائی کو کاٹ کر ڈرین کو صاف اور خوشبودار بنادیں گے۔