سری نگر (یس اردو نیوز ) مقبوضہ کشمیر میں 89 ویں روز بھی صورتحال کشیدہ ہے ، کٹھ پتلی انتظامیہ نے خاتون حریت رہنما آسیہ اندرابی کو حراست میں لے لیا ۔ حریت قیادت کی اپیل پر وادی میں آج مکمل ہڑتال ہے ۔ مقبوضہ وادی میں نواسی روز گزر گئے ، حالات اس ہی طرح ہیں ، وادی کی ہر گلی ، کوچہ اور بازار آزادی کے نعروں سے گونج رہا ہے ۔ بھارتی فورسز اور کٹھ پتلی انتظامیہ کشمیریوں کی آواز دبانے کے لیے ہر اوچھا ہتھکنڈا استعمال کر رہی ہے ۔ خاتون حریت رہنما آسیہ اندرابی کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔ انہیں گزشتہ روز سری نگر میں ان کی قریبی ساتھی فہمیدہ صوفی کے ساتھ اُس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ خواتین مظاہرین کی قیادت کر رہی تھیں ۔ سری نگر سمیت وادی کے مختلف علاقوں کو سیکورٹی فورسز کی بھاری تعداد نے گھیر رکھا ہے ۔ کاروبار زندگی مکمل طور پر بند ہے ۔ بھارتی ظلم و جبر کے خلاف حریت رہنماؤں نے وادی میں احتجاج اور ہڑتال میں کل تک توسیع کر دی ہے