ننکانہ صاحب(زاہد اعوان) وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے ننکانہ صاحب کے قریب ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو نے والے ایک ہی گاؤں کوٹ محمود کے 9افراد کے لواحقین میں 5,5 لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم کر دیئے گئے ،مسلم لیگ ن کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شذرہ منصب علی کھرل نے جاں بحق افراد کے لواحقین میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کئے ،اس موقع پر اراکین صوبائی اسمبلی ملک ذوالقرنین ڈوگر ،رانا جمیل حسن المعروف گڈ خاں ،ڈی سی او ننکانہ ڈاکٹر عثمان علی خان اور اسسٹنٹ کمشنر میاں احسن رفیق سمیت دیگر ضلعی افسران اور سیاسی و سماجی رہنماء بھی موجود تھے ۔ڈاکٹر شذرہ منصب علی کھرل سمیت اراکین اسمبلی نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ی طرف سے لواحقین کے ساتھ اظہار افسوس کیا اور جاں بحق افراد کے بلند درجات کے لئے دعا کی ۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر شذرہ منصب کھرل نے کہا کہ یہ انتہائی افسوس ناک حادثہ تھا جس میں ایک درجن کے قریب انسانی جانیں ضائع ہو گئیں اس واقعہ پر جتنا بھی افسو س کیا جائے وہ کم ہے ،وفاقی اور پنجاب کی صوبائی حکومت غم کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندان کے ساتھ ہے ،انہوں نے کہا کہ امدادی رقوم انسانی جانوں کا متبادل نہیں ہو سکتی ۔ایم پی اے ملک ذولقرنین ڈوگر نے کہا کہ واقعہ پر ہر آنکھ اشک با ر ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھی واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے ،وزیر اعلیٰ کی ہدائیت پر اراکین اسمبلی اور ضلعی افسران نہ صرف موقع پر پہنچ گئے بلکہ زخمیوں کی بھی عیادت کی اور انہیں بہترین طبی سہولتیں فراہم کر نے کے کا م کی نگرانی کی ،انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے ہم نے جاں بحق افراد کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور آج انہیں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کئے جا رہے ہیں ۔ڈی سی او ڈاکٹر عثمان علی خان نے کہا کہ اس واقعہ کی انکوائری کے لئے ایک کمیٹی بنا دی گئی ہے جو جلد ہی اس واقعہ کی رپورٹ وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھیجے گی ،ڈی ایچ کیو ہسپتال میں برن یونٹ نہ ہو نے کے بارے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوآرٹر ہسپتال ننکانہ صاحب میں دیگر ڈی ایچ کیو کی طرح جدید سہولیات سے مزین برن یونٹ نہیں ہے جس کی وجہ سے آگ سے جھلس جانے والے زخمیوں کو الائیڈ ہسپتال فیصل آباد سمیت دیگر ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ۔ہم پنجاب حکومت کو ڈی ایچ کیو ہسپتال میں برن یونٹ کے قیام کے بارے لکھ رہے ہیں اور امید ہے کہ اس پر جلد عمل درآمد ہو جائے گا