ملک جل رہا ہے اور ریاست کی رٹ ختم ہورہی ہے، عمران خان
اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد دھرنا ختم کرانے کے لیے طاقت کا استعمال معاملے کا حل نہیں جب کہ مظاہرین سے بھی پرامن رہنے کی اپیل کرتا ہوں۔
اسلام آباد میں دھرنا مظاہرین کے خلاف کارروائی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ریاستی طاقت کا استعمال کسی صورت مسئلے کا حل نہیں ہے، حکومت مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال نہ کرے جب کہ دھرنا مظاہرین بھی پرامن رہیں ۔ عمران خان نے کہا کہ ختم نبوت ہمارے ایمان کا بنیادی جزو اور حصہ ہے، جس نااہلی سے حکومت نے معاملے کو نمٹانے کی کوشش کی اس سے ریاست کی رٹ ختم ہوتی نظرآرہی ہے، راجہ ظفرالحق کی کمیٹی کی تحقیقات کی روشنی میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی گئی اس لیے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی میں تاخیر سے کچھ چھپائے جانے کے تاثر نے جنم لی ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ حکومت کا سارا زور شریفوں کی کرپشن بچانے پر ہے، ملک جل رہا ہے اور وزیراعظم نااہل شخص کے دربار پر حاضری دے رہے ہیں، حکومت کے اسی طرزعمل کے باعث قبل ازوقت انتخابات کامطالبہ کرتا آیا ہوں، آج ایک بار پھر مطالبہ کرتا ہوں کہ جلد انتخابات کرائے جائیں۔