ملک کے مختلف شہروں میں دھرنے اور جزوی ہڑتال
فیض آباد دھرنے کے شرکاء سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں دھرنے اور جزوی ہڑتال کی گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں فیض آباد دھرنے کے شرکاء سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی میں الآصف اسکوائر، ناگن چورنگی، کورنگی ڈھائی، کورنگی 5 نمبر، لانڈھی،تین ہٹی، ڈاک خانہ، پاور ہاؤس نارتھ کراچی، لیاقت آباد 10نمبر، ٹاور اور نمائش پر مذہبی جماعتوں نے دھرنے دیے جب کہ مختلف علاقوں میں ہڑتال کے باعث تعلیمی ادارے ، بازار اور دفاتر بھی بند رہے۔
حیدرآباد میں بھی تیسرے روز مذہبی تنظیموں نے حیدرچوک پر دھرنا دیا جب کہ مختلف علاقوں میں جزوی ہڑتال کی گئی ۔ اس کے علاوہ حیدر چوک، قاضی قیوم روڈ، اسٹیشن روڈ، ایس ایس پی چوک، کورٹ روڈ، ٹنڈوالہیار اور شہدادپور میں بھی مذہبی تنظیموں کے احتجاج کے باعث مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔
لاہور میں میٹروبس تیسرے روز بھی شروع نہ ہوسکی جس کے باعث شہریوں کوشدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب کہ شیخوپورہ بتی چوک، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، کوٹ رنجیت انٹرچینج اور فاروق آباد سمیت دیگر مقامات پر بھی مظاہرین نے دھرنا دیا جب کہ ہڑتال کے باعث تمام کاروباری مراکز اور مارکیٹس بند رہیں۔
دوسری جانب پشاور میں بھی فیض آباد دھرنے کے شرکاء سے اظہار یکجہتی کے لیے مختلف علاقوں میں مظاہرے اور ریلیاں نکالی جارہی ہیں جب کہ مذہبی جماعتوں کی ہڑتال کے باعث بازار اور مارکیٹیں بند پڑی ہیں۔