کی بورڈ کے بغیر ٹائپنگ کرنے والا حیرت انگیز آلہ
نیویارک: کی بورڈ سے ٹائپنگ کا زمانہ ہوا پرانا کیونکہ اب آگیا ہے بغیر تار کے ایسا جادوئی آلہ جو کسی بھی سطح پر انگلیوں کی حرکت سے تحریر کا کام کرتا ہے۔
ٹیپ نامی اس آلے میں کی بورڈ کی طرح بٹن نہیں ہوتے بلکہ پانچ انگوٹھیاں ہوتی ہیں جوباہمی طور پر ایک دوسرے سے منسلک ہو کر آزادانہ انداز میں ٹائپنگ کا عمل سرانجام دیتی ہیں، اس آلے کو انگلیوں میں پہن کر آپ کسی بھی سطح پر ٹائپنگ کے ساتھ ساتھ ماؤس کو بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ اگر کوئی شخص سفر میں کی پیڈ یا کی بورڈ کی وجہ سے تحریر کرنے میں دقت محسوس کرتا ہے تو وہ بس اس آلے کے ذریعے اپنے پاؤں، ٹھوس سطح یا ٹیبل پر انگلیوں سے ای میل، مضمون، پیغامات تحریر کرسکتا ہے۔ یہ ڈیوائس اسمارٹ فونز، کمپیوٹرز، اسمارٹ واچ اور لیپ ٹاپ کے ساتھ بلوٹوتھ سے منسلک ہوسکتی ہے جب کہ چارج ایبل بیٹری کی خاصیت کی وجہ سے اسے بآسانی ہر جگہ استعمال کیا جاسکتا ہے۔