ماسکو: شام میں فضائی اڈے حميميم پر باغیوں کی گولہ باری سے روس کے کم از کم 7 جنگی طیارے اور اسلحہ ڈپو تباہ جبکہ دس سے زائد افراد بھی زخمی ہوگئے ہیں۔
روسی خبررساں ادارے کے مطابق باغیوں کی جانب فضائی اڈے پر کئے گئےحملے میں کم سے کم 7 طیارے تباہ ہوئے جبکہ عملے کے دس سے زائد افراد بھی زخمی ہوئے۔ تباہ ہونے والے طیاروں میں چار سکھوئی 24 بمبار، دو سکھوئی 35 S لڑاکا جبکہ ایک An-72 ٹرانسپورٹ طیارہ شامل ہیں۔ طیاروں کے علاوہ اسلحے کا ایک ڈپو بھی تباہ کیا گیا۔ 2015 میں روس کی جانب سے شام میں فضائی حملوں کی مہم کے آغاز کے بعد سے عسکری ساز و سامان کی مد میں اٹھایا جانے والا یہ سب سے بڑا روسی نقصان ہے۔ حملے میں دس سے زیادہ عسکری اہل کار بھی زخمی ہوئے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی شام کے نواحی علاقےمیں ایک روسی فوجی ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوگیا تھا جس میں دونوں پائلٹ ہلاک ہوگئے تھے۔