وینس: اٹلی کے شہر وینس میں ایک نمائش سے قطر کے شاہی خاندان کے کروڑوں روپے مالیت کے زیورات چوری ہوگئے۔
وینس میں ’مغلوں اورمہاراجاؤں کے خزانے‘ کے نام سے نادر و نایاب زیورات کی نمائش جاری تھی جس میں 16 ویں اور 20 ویں صدی کے ہندوستانی زیورات رکھے گئے تھے، بدھ کی شام اس نمائش کو اختتام پزیر ہونا تھا تاہم بدھ کی صبح دوک پیلس میں نمائش میں ایک ڈبے سے زیورات کے کئی حصے چوری کرلیے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ چوری ہونے والے زیورات قطر کے حکمران خاندان الثانی کی ملکیت تھے، ان زیورات کی قیمت لاکھوں یورو ہوسکتی ہے۔ یہ زیورات بہت مشہور ہیں اس لئے انہیں اپنی اصل شکل میں بیچنا تقریباً ناممکن ہے تاہم ان زیورات پر جڑے جواہرات کو الگ الگ کرکے بیچا جاسکتا ہے۔
وینس کے پولیس چیف ویٹو گیگلیارڈی کا کہنا تھا کہ جب چوروں نے واردات کی اس وقت نمائش کا سیکیورٹی سسٹم صحیح کام نہیں کررہا تھا۔ شیشے کے جس ڈبے سے زیورات چوری ہوئے وہ ایسے کھلا تھا جیسے ٹن کا کین ہو جب کہ الارم بھی دیر سے بجا، پولیس نے چوری کی واردات کی تفتیش شروع کردی ہے۔
چوری ہونے والے سامان کی تصاویر لندن میں قطری مالکان کو بھجوادی گئی ہیں تاکہ وہ اس کی شناخت اور قیمت کے بارے میں بتاسکیں۔