اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ(ن) نے ٹیکنوکریٹس کی نشستوں پردومعروف قانون دانوں کو ٹکٹ دیئے تھے جو انتخابات سے قبل ہی بلامقابلہ منتخب ہوگئے ہیں۔ان میں سید علی ظفر جو معروف قانون دان ایس ایم ظفر کے صاحبزادے ہیں کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے ہے اور اعظم نذیر تارڑ پاکستان مسلم لیگ ن سے وابستگی رکھتے ہیں۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ دنوں راہنما جن کاشماور ملک کے معروف قانون دانوں میں ہوتا ہے اپنی اپنی جماعتوں کے مقدمات لڑتے ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب سے سینیٹ کی دو خواتین نشستوں پر بھی حکومت اور اپوزیشن کی دونوں امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوگئیں ہیں جن میں پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی راہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ہمشیرہ سعدی عباسی اور پی ٹی آئی کی ڈاکٹرزرقا سہروردی شامل ہیں۔ ن لیگ کے مطابق خواتین کی مخصوص نشست پر سائرہ افضل تارڑدراصل سعدی عباسی کی کورنگ امیدوار تھیں۔ سعدی عباسی کی کورنگ امیدوار سائرہ افضل تارڑ کاغذات کی جانچ کیلئے نہیں آئیں۔