سعودی ایئر ڈیفنس نے یمن کے جانب سے داغے گئے ایک میزائل حملے کو ناکام بنا دیا۔
عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا ہے کہ پیر کی شام فضائی دفاعی فورسز نے حوثی باغیوں کے چھوڑے گئے، اس بیلسٹک میزائل کا سراغ لگایا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ میزائل سعودی عرب کے جنوبی شہر ظہران کی جانب داغا گیا تھا۔
کرنل ترکی المالکی کا مزید کہنا ہے کہ اس سے جان بوجھ کر شہری علاقوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی لیکن سعودی فورسز کی بروقت کارروائی کے بعد یہ میزائل سعودی عرب کی جنوبی سرحد سے کوئی پونے دو کلومیٹر دور یمنی حدود ہی میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ یمنی حوثی بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے گنجان آباد شہروں اور دیہات کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں جو کہ بین الاقوامی انسانی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔