چکلالہ کینٹ ان ایکشن، رہائشی علاقوں میں قائم سکولوں اور تجارتی اداروں کو سر بمہر کرنے کا سلسلہ شروع
راولپنڈی: ( اصغر علی مبارک) کینٹ بورڈ حکام کا دباﺅ میں نہ آنے کا فیصلہ ۔چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے ایڈیشنل ایگزیکٹو آفیسر نوید نواز نے کہا ہے کہ رہائشی علاقوں میں کمرشل سرگرمیوں میں ملوث تعلیمی و تجارتی اداروں کو دی گئی مہلت ختم ہونے کے بعد رہائشی علاقوں سے انخلاءکے احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے والے اداروں کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔انہوں نے بتایاکہ مہلت کے خاتمے کے بعد چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ نے غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 15سے زائد عمارات سر بمہر کر دیں۔رہائشی علاقوں میں قائم ان عمارات میں فوٹو سٹوڈیوز ،بیوٹی پارلرز ،جم اینڈ فٹنس کلب اور رئیل اسٹیٹ کے دفاتر قائم تھے جبکہ اگلے مرحلے میں تعلیمی اداروں کے خلاف کارروائی شروع کر دی جا ئے گی۔ نوید نواز نے میڈیا کو بتایاکہ طلباءکے تعلیمی سال کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے رہائشی علاقوں میں قائم تعلیمی اداروں کو 31مارچ تک دوسری جگہ منتقلی کے مہلت دی گئی تھی جس میں توسیع نہیں کی جائے گی اور سخت ایکشن لیا جائے گا ۔ایک سوال کے جواب میں نوید نواز نے بتایاکہ چکلالہ کینٹ بورڈ نے رہائشی علاقوں سے انخلاءکے احکامات پر عمل در آمد نہ کرنے والے اداروں کو حتمی نوٹسز بھی جاری کر دیئے ہیں اور اب ان اداروں کے خلاف قانونی کارروائی آخری آپشن ہے ۔انہوں نے بتایاکہ غیر قانونی تجارتی سرگرمیوں میں ملوث اداروں کو سر بمہر کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی یوٹیلیٹی سروسز بشمول بجلی ،پانی کے کنکشن منقطع کر دیئے جائیں گے ۔انہوںنے مزید بتایاکہ رہائشی علاقوں میں قائم تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کو پہلے ہی خبردار کر دیا گیا تھا کہ وہ غیر قانونی رہائشی عمارات میں نیا تعلیمی سال شروع نہ کریں جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ان تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلباءکے والدین کو بھی پبلک نوٹس کے ذریعے کینٹ بورڈ کی جانب سے انتباہی نوٹسز سے آگاہی فراہم کر دی گئی تھی ۔انہوں نے مزید بتایاکہ چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ نے پراپرٹی ٹیکس ڈیفالٹرز کے خلاف بھی گرینڈ آپریشن شروع کر دیا ہے۔چکلالہ کینٹ کے عملے نے پراپرٹی ٹیکس ڈیفالٹرز کے خلاف کارروائی کے دوران مختلف علاقوں میں 8پراپرٹیز سربمہر کر دیں ۔سربمہر کی جانے والی عمارات کے مالکان کے ذمے مجموعی طور پر60لاکھ روپے سے زائد کے واجبات تھے