کابل: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ایک روزہ سرکاری دورے پر کابل میں موجود ہیں جہاں وہ اہم افغان رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی افغانستان کے صدر اشرف غنی کی دعوت پر ایک روزہ دورے پر کابل پہنچے، اس موقع پر وزیر خارجہ، وزیر داخلہ، سیکرٹری خارجہ اور قومی سلامتی مشیر سمیت گورنر خیبرپختونخوا بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ افغان صدارتی محل میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
وزیراعظم اپنے دورے کے دوران افغان صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ سے سیکیورٹی معاملات، انسداد دہشت گردی، افغان پناہ گزینوں کی واپسی، منشیات کی پیداوار کے خاتمے افغان امن عمل اور دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کے بارے میں بات چیت کریں گے۔ افغان صدر اشرف غنی کی دعوت پر کیے جانے والے اس دورے سے رہنماؤں کو باہمی مفاد کے امور کا جائزہ لینے، دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے، افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی، منشیات کی پیداوار کی روک تھام اور افغان امن عمل اور علاقائی، سیاسی اور سلامتی کی صورتحال پر بات چیت کا موقع ملے گا۔
واضح رہے کہ افغانستان کی جانب سے بھارتی ایما پر پاکستان پر سنگین الزامات لگائے جارہے ہیں جس کی وجہ سے دونوں پڑوسی ملکوں کے درمیان تعلقات سرد مہری کا شکار ہیں۔